• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک کو وزیر اعلیٰ بنانا عمران خان کی غلطی تھی‘ حیدر علی

پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہونے والے خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت پی ٹی آئی کے بانی رہنما اور سابق صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید حیدر علی شاہ باچا نے کہا ہے کہ انہوں نے تبدیلی کے لئے بیس سال تک عمران خان کا بھر پور ساتھ دیا لیکن پی ٹی آئی کے اقتدارمیں آنے کے بعد عمران خان کو سیاسی بھگوڑوں مفاد پرست لٹیروں، علی بابا اور چالیس چوروں نے یرغمال بنا کر پی ٹی آئی کو ہائی جیک کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی لانے کے لئے سیاسی وفاداریاں بدلنے کے ماسٹر پرویز خٹک کو وزیراعلیٰ بنانا عمران خان کی بہت بڑی غلطی تھی۔ خیبر پختونخوا میں تبدیلی لانے کی بجائے صوبے کو تباہی و بربادی سے دو چار کر دیا گیا ہے۔ دھرنوں و محاذ آرائی کی وجہ سے پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ نکال دیا گیا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کے رکن جمشید خان مہمند، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و رکن سنٹرل ایگزیکٹیو و کور کمیٹی شاہد حبیب خان اور پی ٹی آئی کے صوبائی سینئر نائب صدر طاہر عمر زئی کی ہزاروں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے علیحدگی اور مسلم لیگ میں شمولیت عمران خان کے لئے بہت بڑا سیاسی دھچکا ہے۔ پی ٹی آئی سے مخلص رہنمائوں و کارکنوں کی علیحدگی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مخلص رہنمائوں و کارکنوں کی علیحدگی کے بعد پی ٹی آئی سیاسی بھگوڑوں اور مفاد پرستوں کا ٹولہ بن گئی ہے۔ سید حیدر علی شاہ باچا نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا مشن ملک کی ترقی و خوشحالی جبکہ عمران خان کا مشن دھرنوں و محاذ آرائی کے ذریعے ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔ مفاد پرستوں کی طرف سے پی ٹی آئی کو ہائی جیک کرنے کے بعد پی ٹی آئی کا سیاسی زوال شروع ہو چکا ہے۔
تازہ ترین