• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم آزاد کشمیر گلگت بلتستان کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ جائیں

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)جموں کشمیر مسلم کانفرنس مرکزی رہنماکونسلر محمد ریاض بٹ نے دورہ وٹفورڈ کے دوران برانچ کے رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کے شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان کی واپسی کے لئے پاکستان سپریم کورٹ سے رجوع کرے اور ان علاقہ جات کی واپسی کے لئے قانونی وآئینی ماہرین پر مشتمل کمیشن بنایاجائے ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی منطور شدہ قرارداد کو عملی جامہپہنانا انتہائی ضروری ہے۔کونسلر ریاض بٹ نے کہا ہےکہ مسئلہ کشمیر کے حل ہوئے تک گلگت بلتستان کے عوام کو آزاد کشمیر اسمبلی میں نمائندگی دی جائے یا وہاں آزاد کشمیر کی طرز پر حکومت قائم کی جائے۔کونسلر ریاض بٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر گورنمنٹ ریاست کے اندر انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور گڈ گورننس پر خصوصی توجہ دے ، آزاد کشمیر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والوں کو آزاد کشمیر حکومت تحفظ دے ،پلاٹوں پر غیر قانونی قبضہ جات اور لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرے، مسلم کانفرنس لوٹن برانچ کے صدر پروفیسر امتیاز چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیرپر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں گلگت بلتستان کی واپسی کے لئے قانونی وآئینی قانون پر مشتمل کمیشن کیوں نہیں بنایا اب جب الیکشن کا وقت قریب آتا دیکھ کر ان کو شمالی علاقہ جات یاد آگئے۔ اگرپی پی کی حکومت ان علاقہ جات کی واپسی کیلئے تحریک چلانا چاہتی ہے تو ہماری جماعت ضرور تعاون کرے گی۔پروفیسر ممتاز بٹ نے وزیراعظم پاکستان نوازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پی آئی اے کو نجکاری کے حوالے نہ کرےبلکہ ان کے معیار کوبہتر بنایاجائے،یہ ہماری قومی ائر لائن ہے اور پاکستان کی پہچان ہے پی آئی اے کی تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں ۔ مسلم کانفرنس لوٹن برانچ کے سابق صدر راجہ محمد یعقوب نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ناز نخرے نہ اٹھائے بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئےپاکستان اقوام متحدہ سے درخواست کرے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سہ فریقی کانفرنس بلائے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیر ہارٹ کانفرنس انتہائی ضروری ہے۔ برانچ کے صدر راجہ ذوالکفل نوابی، نائب صدر ریاست بھٹی، برانچ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین نے کہا کہ لندن اور میرپور کے درمیان پی آئی اے کی فضائی سروس چلانے کے لئے وزیراعظم پاکستان نوازشریف خصوصی اعلان کریں، پاکستان کے دوسرے برے شہروں سے انٹرنیشنل ائر لائن سروس چلتی ہے۔ اس طرح وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اپنی ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے لندن تامیرپور پی آئی اے کی سروس چلانے کی منظوری دیں،ان رہنمائوں نے نوازشریف کاسہالہ ریلوے پھاٹک پر فلائی اوور ہیڈ برج تعمیر کرنے کے اعلان پر شکریہ ادا کیا ان رہنمائوں نے وزیراعظم پاکستان نوازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی تا نارہ مٹور ہولاڑ ریلوے لائن چلانے کیلئے اقدامات کیے جائیں عوام کو صاف ستھری سفری سہولیات دی جائیں۔
تازہ ترین