پشاور(نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن اور سابق ایم پی اے بیگم شہزادہ سلیمان اور صوبائی کوارڈی نیٹر شعبہ خواتین نیلوفر بابر نے کریم آباد چترال میں برفانی تودے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ غمزدہ خاندانوں کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ شیرشال کے متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ بیگم شہزادہ سلیمان کا کہنا تھا کہ شدید برفباری کے نتیجے میں چترال میں درجنوں مقامات پر برفانی تودے گرنے کے واقعات ہوئے ۔ رابطہ سڑکیں اور پل منہدم ہوچکے ہیں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو جنگی بنیادوں پر امدادی کاروائیوں کا آغاز کرنا چاہئے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جاسکے۔ انہوں نے اپروچ روڈ سے برف ہٹا کر لواری ٹنل کو آمدورفت کیلئے فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا تاکہ اشیائے خوردونوش اور ادویات چترال پہنچائی جاسکیں۔