میڈرڈ ( جنگ نیوز ) روس کی ماریا شراپووا کو مئی میں میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور ساتھ انہیں وائلڈ کارڈ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ گذشتہ برس آسٹریلین اوپن چیمپئن شپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان پر 15 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ ان کی سزا اپریل میں ختم ہونے والی ہے، اس کے ساتھ سابق عالمی نمبر ایک پلیئر نے اعلان کررکھا ہے کہ وہ جرمنی کے ٹورنامنٹ کے ساتھ مسابقی ٹینس میں واپسی کریں گی۔ لیکن اب نئی پیش رفت کے مطابق ان پر پابندی ہٹنے کے صرف 15 دن بعد یعنی پانچ مئی سے میڈرڈ کے ایونٹ میں انہیں مدعو کرلیا گیا ہے۔ اس بارے میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کہتے ہیں کہ ماریہ گذشتہ 15 برس میں ٹینس کھیلنے والی عظیم ترین پلیئرز میں سے ہیں، ہم سب انہیں چاہتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایونٹ میں ضرور شرکت کرینگی۔ البتہ ایک بات کی وضاحت ضروری ہے کہ ماریہ نے چیمپئن شپ میں حصہ لینے کیلیے ہم سے خود درخواست کی تھی۔