• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی خواتین ہاکی پلیئر پہلی لیگ کے کامیاب انعقاد پر خوش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی خواتین ہاکی پلیئرز ملک میں پہلی ہاکی لیگ کے کامیاب انعقاد پر خوش ہیں۔ انہوں نے یہ سلسلہ جاری رکھے جانے کی امید ظاہر کی ہے۔ لاہور لائنز خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان ذکیہ نواز کہتی ہیں کہ انہوں نے کہا کہ خواتین ہاکی لیگ کا انعقاد اس کھیل کی ترقی کے لئے مثبت پیش رفت ہے۔ خیال رہے کہ ان کی قیادت میں ٹیم نے لیگ ٹائٹل جیتا ہے۔ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کے درمیان ہم آ ہنگی کا نتیجہ ہے،ہماری ٹیم نے فائنل کےلئے بھرپور تیاری کی تھی اور پلان کے مطابق تمام کھلاڑیوں نے کھیلا جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں ملا، آئندہ سال بھی اس ایونٹ کو جیتیںگے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی محنت اور کوچنگ کو بھی سراہا۔ بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والی کوئٹہ پینتھرز کی نفیسہ انور نے کہا کہ لاہور کی کھلاڑیوں نے اچھی کار کردگی دکھائی، ہم نے فائنل میں حتمی مقابلے جیسی پرفارمنس نہیں دکھائی۔ دریں اثنا بہترین گول کیپر کا ایوارڈ لینے والی سعدیہ رحمت نے کہا کہ ان کے لئے فخر کی بات ہے کہ انہوں نے یہ ایوارڈ جیتا،کراچی میں خواتین کھلاڑیوں کے لئے مقابلے کے مواقع کم ہیں ، سہولتوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہمیں تیاری کے مواقع کم ملتے ہیں۔
تازہ ترین