• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت عالمی جنگی جرائم کامرتکب ہورہاہے، پرویز اشرف

مظفر آباد (صباح نیوز)آزادکشمیر کے سابق وزیر وپیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ بھارت مکار ملک ہے جو 69 سال سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق آزادی پر سانپ بن کر بیٹھاہے ۔کشمیری بھارت سے جمہوری طریقے سے اپنا آزادی کا حق مانگ چکے ہیں، بھار ت کشمیریوں کودوبارہ بندوق اٹھانے پر مجبور نہ کرے ۔ گزشتہ روز میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ فوج تعینات کرکے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں، پاکستان وآزادکشمیر کے شہری اپنے مظوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے مظالم قوام عالم کے سامنے لانے کیلئے پاکستان اور آزادحکومت فعال کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کاوکیل ہے ، بھارت نے مقبوضہ وادی میں درندگی اور بربریت کی انتہاء کردی ہے ۔ نہتے عوام پر وحشیانہ مظالم ڈھائے جارہے ہیں، بے گناہ نوجوانوں کو قید کرکے ان پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ ے جاتے ہیں۔ بچوں پرپیلٹ گن کااستعمال معمول بن چکاہے ۔خواتین کی عصمت دری کر کے  بین الاقوامی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ  ایل اوسی پر بار بار اشتعال انگیزی کرکے بھارت عالمی جنگی جرائم کامرتکب ہورہاہے۔ ایسے حالات میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اوآئی سی کو دنیا میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔ ورنہ دنیا میں تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے ۔ جو انسانیت کیلئے خطرناک ثابت ہوگی ۔
تازہ ترین