مردان (نمائندہ جنگ) پشاور ماڈل سکول کی انتظامیہ اور طلباء نے ڈی پی اومردان آفس میں پولیس شہداء کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں طلباء نے ٹیبلو، خاکوں ،تقاریر کے ذریعے مردان پولیس کے کردار کو پیش کیا۔تقریب میں متعدد طلباء نے مستقبل میں پولیس افسر بننے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی پولیس فورس میں شامل ہو کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے سکول کے بچوں کا استقبال کیا اور سکول انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پولیس وطن عزیز کی حفاظت کے لئے ہردم تیارہے اور ہمیں وطن کی حفاظت کے لئے جانوں کی قربانی پر فخر ہے انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ انہیں اپنی تمام تر توجہ اپنی پڑھائی پر دینی چاہئے طلباء ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ڈی پی او نے سکول کے طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے ان میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے،دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے بیسیوں افسران اور اہلکاروں کو تعریفی توصیفی اسناد ،نقد انعامات جبکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کوکھڈے لائن لگانے اور دور دراز کے علاقوں میں تبدیل کردیا۔