• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر قتل کیس،وزارت خارجہ امریکی صحافی کی دستیابی سے آگاہ کرے، عدالت

راولپنڈی(اے پی پی )انسدادہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے وزرات خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کے ویڈیو لنک پر جرح کے لیے دستیابی ‘تاریخ اور وقت کنفرم کرکے رپورٹ 18جنوری کو عدالت میں پیش کی جائے۔ پیر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سینٹرل جیل اڈیالہ میں سماعت کی ۔سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم ‘ ملزمان کے وکلاء ‘ سابق سی پی او سید سعود عزیز ‘سابق ایس پی راول خرم شہزاد عدالت میں پیش ہوئے ۔ایف آئی اے کے پراسکیوٹر چوہدری اظہر نے ایس ایس پی طاہر ایوب جو پہلی جے آئی ٹی کے رکن تھے، کی شہادت مکمل کرنے اور جرح کے لیے عدالت کے روبرو پیش کیا۔ سابق سی پی او سید سعود عزیز کے وکیل ملک رفیق کی عد م حاضری کے باعث فاضل جج نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 18جنوری تک ملتوی کر دی۔استغاثہ کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان پر جرح کے لیے 20جنوری کے ویڈیو لنک کے حوالے سے فاضل جج نے وزارت خارجہ کو حکم دیا ہے کہ مارک سیگل سے رابطہ کر کے دوبارہ ان کی دستیابی ‘ تاریخ او ر وقت کی کنفرمیشن کر کے آئندہ تاریخ پر عدالت میں رپورٹ پیش کریں ۔
تازہ ترین