سوات‘مینگورہ،کوہاٹ(نمائندگان جنگ)ملک کے مختلف علاقوں میں مسلسل دھماکوں کے بعد سوات اورکوہاٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ،داخلی اورخارجی راستوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کرلئے گئے ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خصوصی دستے تعینات کردئیے گئے ،کراچی میں میڈیا ٹیم پر حملے کے بعد لاہور ،کوئٹہ ،قبائلی علاقوں اور پشاورمیں بم دھماکوں کے بعد سوات میں سیکیورٹی انتظامات میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے اور مینگورہ شہر سمیت سوات اور ملحقہ علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے ،پولیس حکام کے مطابق حساس اور اہم مقامات پر بھی پولیس کی نفری کو بڑھا دیا گیا ہے جبکہ گشت کا دائرہ کار بھی بڑھا دیا گیا ہے ۔کوہاٹ میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔حساس مقامات ،سرکاری و نیم سرکاری ادار وںاور پبلک مقامات میں غیرمعمولی حفاظتی اقدامات یقینی بناتے ہوئے چیکنگ کا سلسلہ مزید بڑھا دیا گیا ہے اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کو اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔