اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے گزشتہ روز وزیراعظم میاں نواز شریف کو پانی و بجلی کے جاری منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفننگ دی۔ وزیراعظم نے پن بجلی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے حال ہی میں ان کو چیئرمین واپڈا مقرر کیا تھا۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 28فروری 2018 تک افتتاح کیلئے تیار ہو جائے گا۔ بائیں جانب کی سرنگ 23اکتوبر 2016 کو مکمل ہوگئی تھی جبکہ دائیں سرنگ 30اپریل 2017کو مکمل ہو جائے گی۔ پراجیکٹ کا خشک ٹیسٹ دسمبر2017میں ہوگا جبکہ نم ٹیسٹ یکم فروری 2018 کو ہوگا۔ پھر اس منصوبہ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی اور 15ملین ڈالر ریونیو کا حصول شروع ہو جائے گا۔ نیلم جہلم پراجیکٹ کا دوسرا یونٹ 15مارچ 2018اور تیسرا اور چوتھا یونٹ 15اپریل 2018کو پیداوار شروع کرے گا۔ چیئرمین واپڈا نے بریفنگ میں بتایا کہ کچھی کینال پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ اس سے ڈیرہ بگٹی کا 72 ہزار ایکٹر رقبہ سیراب ہوگا۔