راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)اسسٹنٹ کمشنر مری عارف اللہ اعوان نے ٹاون آفیسر ریگولیشنز تحصیل مری ملک توصیف کی خدمات محکمہ لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کو واپس کر دی ہیں۔ وہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے غیر حاضر تھے۔جس کے باعث مری میں انفورسمنٹ کا کام متاثر ہورہا تھا۔ سرکاری ذمہ داریاں احسن طور پر انجام نہ دینے پر تحصیل مری کے بلڈنگ انسپکٹر اور انفورسمنٹ انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے، اس کارروائی کا فیصلہ اے سی مری نے مختلف علاقوں کے دورے کے بعد لاقانونیت کی نشاندھی پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ مری میں ہر قسم کی نئی تعمیرات پر پابندی عائد ہے اور صرف ان تعمیرات کی اجازت دی گئی ہے جنہیں سرکاری طور پر سروے کے بعد خطرناک قرار دیا گیا ہے اور وہ بھی اپنی پرانی جگہوں پر اسی نقشے کے مطابق دوبارہ تعمیر ہوسکتی ہیں اس کے علاوہ صرف ناگزیر حالات کے باعث ضروری مرمت کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو خصوصی طور پر ڈیوٹی سونپی گئی تھی تاکہ بلڈنگ پلانز کی خلاف ورزی کا فوری طور پر نوٹس لے کر ضروری کاروائی عمل میں لائی جاسکے لیکن سب کچھ اس کے برعکس ہوتا رہا، اسسٹنٹ کمشنر مری نے کہاکہ تحصیل مری کے کسی بھی علاقے میں اگر غیر قانونی تعمیراتی ہو رہی ہوں تو شہری اس کی نشاندی کریں تاکہ قانون کے مطابق کاروائی کی جاسکے، انہوں نے کہاکہ ٹاون آفیسر ریگولیشنز مری کی خدمات متعلقہ محکمے کو واپس کئے جانے اور دو انسپکٹرز کے خلاف کارروائی بھی اس وجہ سے کی گئی ہے کہ انہوں نے اپنے فرائض کی انجام دیہی میں غفلت کی اور ضروری مرمت کے بجائے مالکان کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کی شکایات پر بھی کارروائی کی جار ہی تاکہ مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کی روک تھام یقینی بنائی جاسکے۔