سلائو (اورنگ زیب چوہدری)گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی عوامی طاقت کے ذریعے مسلم لیگ (ن)حکومت بنائے گی۔ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف دونوں اطراف کے کشمیریوں کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر اوورسیز کے مرکزی رہنما چوہدری محمد شفیق نے دورہ سلائو کے دوران جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن)کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنمائوں، وفاقی وزراء کےشاندار عوامی استقبال اور پذیرائی کو دیکھ کر پیپلزپارٹی سمیت دیگر پارٹیوں کو بوکھلاہٹ اور پریشانی لاحق ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میرپور شہر سے مسلم لیگ (ن)کے نامزد امیدوار کے حق میں کمپین کرنے خود میرپور جائیں گے اس مرتبہ ہمیں پوری امید ہے کہ میرپور شہر سے بھی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن)کا نامزد امیدوار ضرور کامیابی حاصل کرے گا۔ چوہدری شفیق نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی قیادت کے درمیان کسی قسم کے کوئی اختلاف نہیں ہم سب میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے جاںنثار کارکن ہیں اور پارٹی قائدین کے فیصلوں کے پابند ہیں۔