چمن( نامہ نگار) پاک افغان چمن بارڈر منگل کو پانچویں روز بھی بند ر ہی ۔ افغان حکام نے سرحد کو دوبارہ کھولنے سے متعلق حکومت پاکستان کے ساتھ اعلی سطح رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے افغانستان کے سرحدی ضلع اسپین بولدک کے سرحدی فورسز کے انچارج کمانڈر محمد علی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دو مرتبہ چمن میں پاکستانی سرحدی حکام سے رابطہ ہوا جس میں سرحد کھولنے سے متعلق بات چیت ہوئی تاہم اس حوالے سےکوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے موقف اختیار کیاہے کہ سرحد کھولنے سے متعلق اسلام آباد ہی فیصلہ کر سکتا ہےافغان سرحد ی پولیس کے ترجمان ضیاء درانی کا کہنا ہے کہ سرحد کی بندش کے بعد افغان فورسز کو بھی الرٹ کر دیا ہے تاہم پاکستانی فورسز نے سرحد بند کرنے کے بعد پاک افغان بارڈر پر کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے۔