• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہلم روڈ پر پلازوں کی غیرقانونی تعمیرات مسمار

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے جہلم روڈ پر پلازوں پر خلاف نقشہ تعمیرات اور پارکنگ کیلئے ریمپ نہ چھوڑنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شیڈز پر کرائی گئی غیرقانونی تعمیرات گروا دیں جبکہ گلستان کالونی میں سرکاری اراضی پر بنائی جانے والی دیوار کو بھی مسمار کروا دیا گیا، غیرقانونی تعمیرات میں ملوث کینٹ بورڈ کے فیلڈ سٹاف کیخلاف بھی  محکمانہ کارروائی عمل لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جمعرات کو ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ رانا محمد رفیق خان مورگاہ موڑ جہلم روڈ پر زیر تعمیر پلازہ کے دونوں اطراف شیڈز پر غیرقانونی تعمیرات کی شکایات پر موقع پر پہنچ گئے، اور بلڈنگ چیکر کو بھی موقع پر طلب کر لیا۔ انہو ں نے غیرقانونی تعمیرات اور دوسرے پلازہ کی بیسمنٹ میں پارکنگ کیلئے ریمپ نہ چھوڑے جانے پر فیلڈ سٹاف پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی دونوں شیڈز پرہونے والی غیرقانونی تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کر دیا جائے اور پلازوں میں پارکنگ  بلڈنگ پلان کے مطابق خالی کروائی جائیں ،اس پرشعبہ بلڈنگ کنٹرول کے عملہ نے جہلم روڈ پلازہ کے شیڈز پر ہونے والی غیرقانونی تعمیر کو گرا دیا جبکہ اس دوران عملہ نے گلستان کالونی میں کینٹ بورڈ کی اراضی پر تعمیر کی جانے والی دیوار کو بھی گرا دیا گیا،واضح رہے کہ مورگاہ موڑ میں اس سے قبل بننے والے دونوں پلازوں میں بلڈنگ پلان کے برعکس بیسمنٹ میں پارکنگ چھوڑنے کی بجائے ایک میں غیرقانونی طور پر تعمیرات کر لی گئی ہیں جبکہ دوسرے میں بلیئرڈ کلب کیلئے بیسمنٹ کرایہ پر دیدی گئی ہے ، پلازوں کے ایمرجنسی راستے بھی بند کر دیئے گئے ہیں اور مزید وہاں پر ایک اور پلازہ تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے مگر بلڈنگ پلان کے برعکس پارکنگ کیلئے گرائونڈ فلور میں ریمپ بھی پوری طرح نہیں بنائے گئے ہیں جبکہ ایک پلازہ میں  پارکنگ کیلئے ریمپ نہیں چھوڑے گئے۔
تازہ ترین