• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میموریل ٹینس : ڈبلز فائنل میں عقیل اور یاسر کو اپ سیٹ شکست

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) عابد مشتاق اور عثمان رفیق کی جوڑی نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبر ایک عقیل خان اور ان کے بھائی یاسر خان کو شکست دیکر ابراہیم مرچنٹ میموریل پاکستان ٹینس چیمپئن شپ کے مینز ڈبلز کا فائنل جیت لیا۔ ٹاپ اسٹار عقیل خان نے مینز سنگلز کے مقابلے میں عابد مشتاق کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔جبکہ لیڈیز سنگلز کے فائنل میں اشنا سہیل اور سارہ منصور کے درمیان بھی دلچسپ مقابلہ رہا جس میں اشنا سہیل نے کامیابی حاصل کی۔ فائنل تقریب کی مہمان خصوصی مسز صوفیہ ابراہیم مرچنٹ اور عباس ابراہیم مرچنٹ تھے۔ پچاس ہزار روپے کی انعامی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر کراچی جیم خانہ کے صدر فواد سلیم، سندھ ٹینس کے صدر گلزار فیروز، پاکستان ٹینس ایسو سی ایشن کے سیکرٹری خالد رحمانی، سرور حسین اور دیگر موجود تھے۔ کراچی جیم خانہ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے فائنلز میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔ مینز ڈبلز کے فائنل میں پاکستان کی بھائیوں کی ٹاپ جوڑی عقیل خان اور یاسر خان کو عابد مشتاق اور عثمان رفیق نے 7-6 ، 1-6 اور 10-8 سے زیر کیا۔ پاکستان ٹینس میں کافی عرصے بعد ٹاپ کھلاڑیوں کی شکست ہے۔ مینز سنگلز کے فائنل میں میں ٹاپ کھلاڑی عقیل خان کو کامیابی کیلئے عابد مشتاق کے خلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں کے درمیان مقابلہ ڈھائی گھنٹے جاری رہا جس میں عقیل خان نے6-4 ، 7-6، 6-4 سے فتح حاصل کی۔ لیڈیز سنگلز کے فائنل میں بھی اشنا سہیل نے سارہ منصور 2-6، 6-4 اور 6-2سے شکست دی۔ انڈر 16 کے فائنل میں نعمان آفتاب نے نور مصطفی کو 6-4 اور 7-6 سے، انڈر 12 فائنل مں حامد اسرار نے مہاتر محمد کو 6-2 اور 6-4 سے اور انڈر 10 کے فائنل میں نادر مرزا نے عزیر بن عابد کو شکست دی۔
تازہ ترین