قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں سے متعلق جو امید تھی اس کا نتیجہ دو برسوں میں نہیں آیا۔
انہوں نےکہا کہ آل پارٹیز کانفرنس اپنے لئے نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں قانون سازی پر اتفاق رائے اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لیے بلائی ہے، کالعدم جماعتوں کے نیٹ ورک پنجاب میں موجود رہے جہاں سے وہ دیگر علاقوں میں جاتے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات کراچی کے علاقے گلشن حدید کے نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں کہی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کئی بار کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہو رہاجبکہ وزیر اعظم بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اپنے صوبے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہیں کی اور پابندی کے بعد کالعدم تنظیموں کو دوسرے ناموں سے کام کرنے دیا گیا۔