اسلام آباد (کامرس رپور ٹر )حکومت نے گزشتہ روز سیکوریٹی ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 51.5 ارب ڈالر کے پاک۔چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کے لیےوفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مربوط فول پروف سیکوریٹی حکمت عملی وضع کریں۔اس ضمن میں وزارت داخلہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ماہانہ بنیاد پر جائزہ رپورٹبھی جمع کرائے۔چین نے سیکوریٹی کا اپنا طریقہ کار وضع کیا ہے، ان سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ صوبائی محکمہ داخلہ سے تعاون کرے جس کا مقصد یہ ہے کہ سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی فول پروف سیکوریٹی میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔اس حوالے سے وزارت ترقیات اور منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز سی پیک منصوبے پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کی۔