کراچی سے پشاور، گلگت سے گوادر، ہر طرف کرکٹ فیور پھیل گیا،پاکستان سپر لیگ کا دھواں دھار فائنل کل لاہور میں ہوگا،پورے ملک میں شائقین کرکٹ پُر جوش ہیں ، کسی کی فیورٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرزہے تو کسی کی پشاور زلمی، میچ دیکھنے کے لیے سب نے اپنی اپنی تیاری کرلی -
کرکٹ کا خمار ، عرب امارات سے پاکستان منتقل ہوگيا ،قذافی اسٹیڈیم میں کل نعروں کی گونج ہوگی،گلیاں اڑیں گی،چھکے چوکوں کی بارش ہو گی ،شہر شہر گلی گلی بس کرکٹ ہی کرکٹ ہو گی،پنجاب ہو یا خیبر پختونخوا ،سندھ یا،بلوچستان ،سب ہوں گے ایک جان ، پورا پاکستان جشن منائے گا۔
جنہیں اسٹیڈیم کے ٹکٹ ملے ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ، بہت سو ں نے یار دوستوں کے ساتھ بڑی اسکرین لگا کر فائنل دیکھنے اور یادگار بنانے کا فیصلہ کرلیا،سب نے اپنی اپنی فیورٹ ٹیم بھی چن لی ہے، کوئی زلمی کا حامی کوئی کوئٹہ کا پرستا ر،پورا پاکستان کرکٹ کی لڑی میں پروگیا ہے۔
پشاور اور کوئٹہ کا ٹکراؤ زندہ دلان کے شہر لاہور میں ہوگا ، وہ ٹورنامنٹ جس کے ليگ میچز میں غیر ملکی گراؤنڈ کھچا کھچ بھر ےنظر آئے اسی کا فائنل ہوم گراؤنڈ پر ہوگا تو گراؤنڈ میں عوام کا رش دیکھنے کے لائق ہوگا ۔
پی ایس ایل فائنل کیلئے قذافی اسٹیڈیم سج گیا، کاونٹ ڈاون کے ساتھ دھڑکنیں بھی تیز، میگا ایونٹ کو سحرانگیز بنانے کی تیاریاں مکمل ،ساونڈ سسٹم اور واک تھرو گیٹ لگ گئے ، ٹکٹوں کی آن لائن سیل بھی دوبارہ شروع ہو گئی۔
قذافی اسٹیڈیم میں سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کا فضائی جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز نے علاقے کا دورہ کیا۔
فائنل ایونٹ کےلیے مخصوص پارکنگ ایریاز میں محکمہ ایکسائزکی 5 ٹیمیں تعینات ،ہر گاڑی کا ڈیٹا چیک ہوگا، پارکنگ سے اسٹیڈیم تک جانے کے لیےشٹل سروس کی بسیں پہنچ گئیں ۔