اسلام آباد (آئی این پی )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی چوائس پر حیرت ہوتی ہے، انہیں رانا ثناء اللہ کا معائنہ کرانا چاہیے، میں جینوئین وزیر رہا ہوں، میں دو نمبر وزیر نہیں تھا،حکومت نے 7نمبر کے وزیر رکھے ہوئے ہیں، حکمران اپنے بچوں کو بانٹتے ہیں، دوسروں کے بچوں کو ڈانٹتے ہیں،لاہور کی سیاست بدل چکی ہے، کل حکمرانوں کو اندازہ ہوگیا کہ سارا لاہور ان سے بغاوت کرچکا ہے۔وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کو سپورٹ اس لیے کی کہ حکومت ملک بھر میں پختونوں کے ساتھ تضحیک آمیز سلوک کر رہی ہے، پٹھانوں کو اسلام آباد کا رخ نہیں کرنے دیا جارہا، حکومت نے پنجابی شوازم شروع کر رکھی ہے، کل حکومت کو اندازہ ہوگیا کہ سارا لاہور ان سے بغاوت کر چکا ہے، میں سمجھتا ہوں (ن) لیگ سنجیدہ ہے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا شکر گزار ہوں، ان کی محبتیں مجھے ہمیشہ یاد رہیں گی، لاہور کی سیاست اب بدل چکی ہے، لاہوریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے منظم طریقے سے میچ دیکھا۔ شیخ رشید نے کہا کہ یا تو پنجاب میں بھی رینجرز کو سندھ کی طرح اختیارات دیئے جائیں یا واپس بلالیا جائے۔