پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ حکومت کو پاکستانیوں کی جانوں کی فکر ہے تو بھارت کے ساتھ سرحد بند کرے۔
شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وزیر دفاع نےایوان میں کہا کہ افغانستان میں ہمارے قاتل بیٹھےہیں، سرحد بند کرنے کا حق رکھتے ہیں اور آج پاک افغان سرحد کھول دی گئی، خواجہ آصف یا تو سرحد کھولنے کے فیصلے سے لاعلم تھے یا انہوں نے ایوان سے جھوٹ بولا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت آئے روز ایل او سی پر فائرنگ کرکے ہماری شہریوں کو شہید کرتا ہے، دہشت گرد پاک افغان سرحد سے ویزا لیکر تھوڑی آتے ہیں، لیکن ہم نے سرحد بند کرکے وہاں سےفیملیز کو آنے سے روک رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر دفاع اچھل اچھل کر کہہ رہے تھے کہ بھارت افغانستان کو ہمارے خلاف استعمال کر رہا ہے لیکن ساتھ ہی ہمارے وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ہم بھارت کے ساتھ تجارت چاہتے ہیں۔ جب بھارت افغانستان کے ذریعے دہشت گردی کروا رہا ہے تو ہم بھارت کے ساتھ تجارت کیوں چاہتے ہیں؟