سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری روٹ پر پیپلزپارٹی کو بھی تحفظات ہیں اور ہم حکومت کو آگاہ کرچکے ہیں ، حکومت مغربی روٹ پر پہلے چار، پانچ ارب روپے لگاتی تو اعتراضات سامنے نہ آتے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ پہلے پیسے کمائے، اقتصادی راہداری منصوبے کی بنیاد آصف علی زرداری نے رکھی تھی، قومی اسمبلی میں وفاقی وزراء آنے سے گھبراتے ہیں، وزیراعظم میاں نواز شریف کے ایوان میں آنے سے متعلق بل پیش کیا گیا جسے مسترد کردیا گیا، حکومت کو ہر مسئلے پر آگاہ کیا لیکن پھر بھی حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا، حکومت سے بارہا کہا گیا کہ اہم معاملات پر بریفنگ دی جائے پتہ نہیں حکومت کیوں نہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا چاہتی ہے، پٹھا نکوٹ اور34ملکی اتحاد میں شمولیت پر حکومت ہمیں بریفنگ دے، وہ سکھر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی احتجاجی بھوک ہڑتال ختم کرانے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔