وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی اور ترقی میں خواتین کا کردار نمایاں ہے۔ ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ خواتین آگے بڑھیں۔ پاکستان کا آئین اور قانون خواتین کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ فاطمہ جناح کو اہمیت دے کر قائد اعظم نے یہ پیغام دیا کہ پاکستان میں خواتین مردوں کےشانہ بشانہ ہوں گی۔ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق پاکستان کے قانون میں خوبصورت فریم ورک موجود ہے-
انہوں نے کہا کہ خواتین کو فیصلہ سازی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا وزیراعظم کا وژن ہے- پاکستان میں زیادہ تر پروگرام خواتین کی سربراہی میں چل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف میڈیا کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ پی ایس ایل کی اچھی کوریج کے ذریعے میڈیا نے پاکستان کا بہترامیج دنیا تک پہنچایا۔