گلگت بلتستان خیبر پختونخوااور کشمیر کےکچھ بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ادھر میدانی علاقوں میں روزبروز درجہ حرارت میں اضافہ ہورہاہے ۔
گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ اور نگر کے بالائی مقامات پر ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ دیامر ،استور کے پہاڑوں ، درختوں پر ایک بار پھر سفیدی چھا گئی ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری نے موسم کو بے انتہا ٹھنڈا کردیا ہے جبکہ چلاس میں ہلکی بارش سے موسم خوشگورا ہے ۔ آزاد کشمیر کے کچھ بالائی علاقوں میں بھی برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر فیصل آباد میں صبح ہونے والی بارش نے موسم تبدیل کردیا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں کہیں گرمی تو کہیں موسم کچھ بہتر ہے ۔ سندھ کے شہروں میں صبح کے وقت موسم میں خنکی رہتی ہےلیکن دوپہرمیں موسم گرم ہوجاتا ہے ۔
آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کشمیر اور بالائی پنجاب میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ ہزارہ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں جاتی سردی تھم گئی اور میدانی علاقوں میں سورج نے آب و تاب سے چمکنا شروع کردیاہے۔