• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : سنی تحریک کی جانب سے آپریشن ردالفساد کی حمایت میں مظاہرہ

سکھر (بیورو رپورٹ)سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی ہدایت پر سکھر پریس کلب کے سامنے آپریشن رد الفساد کی حمایت میں اور بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف نعرے اور بھارتی جھنڈا نذر آتش کیا گیا اور جسٹس شوکت عزیز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ مظاہرین پاک فوج زندہ باد،آپریشن رد الفساد زندہ باداور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مردہ باد کے نعرے بلند کررہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت نور احمد قاسمی ، حافظ اسلم سلطانی، حافظ مٹھل قاسمی، رضوان قادری، خان محمد مغیری ودیگر نے کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے جس نے اپنے ایجنٹ پاکستان میں چھوڑے ہوئے ہیں اور بھارت نے آئے روز ملک میں توہین رسالت اورلسانی فرقہ واریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے جس میں نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیمیں اور کراچی میں گرفتار دہشتگرد اور راء کے افسر کل بھوشن یادو کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ان تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی ہوئی ہے نہ ان پرپابندی عائد کی گئی ہے۔ہم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپریشن رد الفساد آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری و ساری رکھا جائے ، مظاہرین نے جسٹس شوکت عزیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے حبیب ﷺکی عظمت کے تحفظ کے لئے دنیا میں مجاہد پیدا کرتا ہے اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اپنی جرات اور بہادری سے ناموس رسالت ﷺ میں گستاخی اور سوشل میڈیا میں توہین آمیز مواد کے خلاف ایکشن لیا ہے کیونکہ دنیا میں سب سے بڑی دہشتگردی عظمت مصطفی ﷺ کی شان میں گستاخی کرنا ہے اور جتنے توہین رسالت کے گستاخ جیلوں میں بند ہیں انہیں سخت سزا دی جائے  تاکہ کسی کو ہمارے آقا ﷺ کی شان میں گستاخی کی جرات نہ ہو۔
تازہ ترین