ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا اور مضر صحت خوراک بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل اور ڈائریکٹر آپریشنز رافیعہ حیدر کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے گٹکا، چھالیہ اوراس قسم کی دیگرمضر صحت اشیاء بیچنے والوں کے خلاف مختلف شہروں میں کاروائیا ں کیں۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور ملتان میں گٹکا وغیرہ کے چھوٹے بڑے سٹورز اور وئیر ہاوسز پر چھاپے مارے گئے اور تمام شہروں میں مجموعی طور پر 43 وئیر ہاؤس سیل اور برآمد ہونے والا ہزاروں کلو گٹکا تلف کر دیا گیا۔ لاہور میں 19وئیر ہاؤس سیل کیے، گوجرانوالہ میں 7، فیصل آباد میں4، ملتان میں 7اور راولپنڈی میں 6گٹکا ڈیلر ز کو سیل کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ گٹکے کی فروخت غیر قانونی ہے،دوسرے صوبوں سے پنجاب میں گٹکے کی ترسیل بھی غیر قانونی ہے اور اس کاروبار سے منسلک لوگ یہ کام چھوڑ دیں تا کہ نقصان اور قانونی کاروائی سے بچ سکیں۔