گجرات (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلمان معاشروں میں علم و تحقیق کا فروغ بہترین قومی خدمت ہے‘ پاکستان کے نوجوان مستقبل کی علمی معیشت کے پاسبان ہیں، پاکستان میں تعلیم کے چراغوں کی فرواں روشنی قومی خوش بختی کی علامت ہے، حکومت کا وژن و منشور پاکستان میں علم و تعلیم کی ترقی ہے،تعلیمی و تدریسی معیار کو بلند کیے بغیر ہم حقیقی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کر سکتے، جامعہ گجرات کے ناروال سب کیمپس کی بنیادیں رکھتے ہوئے مجھے اس امر کا قوی احساس ہے کہ ہماری حکومت اہل نارووال پر کامیابی و خوش نصیبی کے نئے در وا کرنے جا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ گجرات کے نارووال کیمپس کی عمارات کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ پاکستانی معاشرہ میں تعلیم کا علم بلندکر نا ایک کار نمایاں ہے۔