لاڑکانہ(این این آئی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ آج ہمیں فرینڈلی اپوزیشن ہونے کا طعنہ دیا جا رہا ہے لیکن ہم کو جمہوریت بہت عزیز ہے، جب ملک میں بڑے عرصے تک ڈکٹیٹر شپ رہے تو ایسے حالات پیدا ہوتے ہیں۔ لاڑکانہ پریس کلب میں نامور صحافی سہیل وڑائچ کی کتاب ’’قاتل کون‘‘ کے سندھی ترجمے کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے کبھی بھی جمہوریت کا ساتھ نہیں چھوڑا، ان کی جمہوریت کے لئے دی گئی قربانی عوام کے لئے بڑا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران حاکمیت کو بچانے کے لئے سوچتا ہے جبکہ لیڈر قوم اور مستقبل کے لئے سوچتا ہے، اس میں ہی ہمیں ڈھونڈنا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا قاتل کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ سہیل وڑائچ کی کتاب اہم دستاویز ہے جس میں کافی مواد موجود ہے۔ تقریب سے سہیل وڑائچ، مسلم لیگ فنکشنل کی رکن سندھ اسیمبلی مہتاب اکبر راشدی، صحافی ذوالفقار گرامانی، ادیب مختیار سموں، پریس کلب کے صدر ایس اقبال بابو نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں اسکولی بچوں نے ٹیبلوز بھی پیش کئے۔مشہور مصنف اور سینئر صحافی سہیل وڑائچ کی کتاب ’’قاتل کون‘‘ کے سندھی ایڈیشن کی تقریب رونمائی پریس کلب لاڑکانہ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔ تقریب رونمائی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ،رکن سندھ اسمبلی اور مسلم لیگ (ف) کی رہنما مہتاب اکبر راشدی اور دیگر اہم شخصیات نے کتاب کی رونمائی کی۔اس کتاب کا سندھی ترجمہ عوامی آواز پبلی کیشن کے نعیم ملک نے کیا ہے۔ اس موقع پر سید خورشید شاہ،مہتاب اکبر راشدی، ذوالفقار گورامانی،مختار سموں نے کتاب کے مندرجات پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی کتاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کو محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی اور شہادت تک اہم شواہد اور تحقیقاتی رپورٹس شامل کرنے سے اس کتاب کو ریفرنس بک کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔