لندن (مرتضیٰ علی شاہ) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز ختک برطانوی حکام اور بزنس کمیونٹی سے بات چیت کے لئے اپنی صوبائی حکومت کے وفد کی قیادت کریں گے۔ پی ٹی آئی یوکے چیپٹر نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 19جنوری کو ایڈنبرا پہنچیں گے اور 21اور22جنوری کو سکاٹ لینڈ میں دو عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ نیز وہ سکاٹ حکومت کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ محمد سرور، جو ان دنوں سکاٹ لینڈ میں موجود ہیں، پرویز خٹک کی آمد کے باعث اپنی پاکستان روانگی ملتوی کر دیں گے اور سکاٹ حکومت سے بات چیت میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاونت کریں گے۔ مزید براں نارتھ ویسٹ بشمول یارکشائر اور ہمبر سائیڈ میں پی ٹی آئی کی تنظیمیں 23جنوری کو ایک بزنس ڈنر کی میزبانی کریں گی، جس میں پرویز خٹک اور ان کے وفد کے ارکان شریک ہوں گے۔ وہ 24جنوری کو برمنگھم میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے، جس کا انتظام پارٹی کے ویسٹ مڈ لینڈز چیپٹر نے کیا ہے۔ واضح رہے کہ برمنگھم میں پختونوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کو برمنگھم کے کشمیریوں کی بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہے۔ پی ٹی آئی لندن کے صدر بیرسٹر وحید الرحمٰن نے بتایا ہے کہ پرویز خٹک کے لندن میں قیام کے دوران برطانوی حکام اور بزنس گروپوں کے ساتھ ان کی ملاقاتیں طے ہوچکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں خیبر پختونخوا میں تبدیلی آچکی ہے اور یہ تبدیلی نظر بھی آتی ہے۔ بیرسٹر وحیدالرحمٰن نے کہا کہ دورۂ برطانیہ خبیر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے تین سالہ دور حکومت میں ہونے والی ترقی سے آگاہ کرنے کے لئے ایک بہترین موقع ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ہونے والی اصلاحات کو سب مان رہے ہیں اور صوبائی حکومت کا پیغام واضح ہے کہ کرپشن کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی۔