• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا کڈنی انسٹیٹیوٹ ملتان کا اچانک دورہ،ناقص انتطامات پر برہمی کا اظہار 

لاہور (جنرل رپورٹر) شہبازشریف نے منگل کے روز کڈنی انسٹی ٹیوٹ ملتان کا اچانک  دورہ کیا اور یہاں دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس دوران ہسپتال میں ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اوران سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا-وزیراعلی نے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر اور ڈائلسز سنٹر کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال میں صفائی کی صورت حال کا بھی جائز ہ لیا- وزیراعلیٰ نے ایکسرے روم میں گندی چادر دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سی ٹی سکین روم میں غیر تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔ ہسپتال میں منعقدہ اجلاس کے دوران پریزنٹیشن کے نہ چلنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا او رہسپتال کے ایم ایس و انتظامیہ کی سرزنش کی -انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے کی گئی ہے اور عام آدمی کو سہولتوں کا نہ ملنا کہاں کا انصاف ہے؟ انہوں نے کہا کہ  ہسپتال مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہوتے ہیں اورجوہسپتالوں کو شفا خانے نہیں بنا سکتے وہ اپنے گھروں کو چلے جائیں-انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں علاج معالجے کو بہتر سے بہتر بنانا میرا مشن ہے۔ جب تک ہسپتالوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی نہیں ہو جاتی، چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہاکہ   ڈیجیٹل ایکسرے مشین کیلئے یو پی ایس نہ لگانا مریضوں سے سنگین مذاق ہے۔بعدازاں شہبازشریف نے چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان کا اچانک دورہ کیا اور چلڈرن ہسپتال کی تعمیر ہونے والی نئی عمارت کا معائنہ کیا - وزیراعلی نے تعمیراتی کام میں بعض غیر معیاری تعمیر پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے چھتوں کی سیلنگ معیاری نہ ہونے پر تشویش کا بھی اظہارکیا-وزیراعلی نے  کہاکہ چلڈرن ہسپتال کے توسیع منصوبے پر 2ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور اس توسیعی منصوبے کے تحت ہسپتال میں 150بستروں کا اضافہ ہوگا- وزیراعلی نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹائز کرنے کا تاثر بالکل غلط ہے ، بعض ہسپتالوں کے انتظامی امور این جی اوز کے حوالے کئے جا رہے ہیں جنہیں حکومت پنجاب فنڈز فراہم کرتی ہے اور یہ این جی اوز سرکاری ہسپتالوں سے بہتر طو رپر ان ہسپتالوں کو آپریٹ کر رہی ہیں۔وزیراعلی نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں صحت کے بہت سے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن ، گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال کی توسیع و میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر اور ساہیوال میں میگا ہسپتال کے منصوبے شامل ہیں۔  شہبازشریف اور کور کمانڈر ملتان  لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارکی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرز ملتان میں اجلاس منعقد ہوا ، جس میں چھٹی خانہ و مردم شماری کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی-بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مردم شماری کے پہلے مرحلے کے لئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں-اجلاس کے شرکاء نے مردم شماری کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا-شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کے لئے اہم قومی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے پنجاب حکومت نے  انقلابی اقدامات کئے ہیں-شہبازشریف نے کور کمانڈرملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار سے ملاقات  کے دوران ان سے پیشہ ورانہ امور، سکیورٹی معاملات اور آپریشن ردالفساد کے حوالے سے بھی  تبادلہ خیال کیا۔شہبازشریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا۔انہو ں نے پولیس افسروں، جوانوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی لازوال قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب  شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کے تحت صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب حکومت صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کا عالمی دن منانے کا مقصدصارفین کے حقوق کی حفاظت کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کنٹریکٹ ایکٹ، سیلز اینڈ گڈز ایکٹ سمیت دیگر قوانین موجود ہیں اور صوبہ بھر میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ نا فذ کیا جا چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت پنجاب کے 11 اضلاع میں کنزیومر کورٹس قائم کی جا چکی ہیں ۔    
تازہ ترین