اسکردو ( نثار عباس / نامہ نگار) پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور پہاڑی علاقوں میں شہاب ثاقب گزرنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی روشنی اور دھماکوں سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بدھ کی رات ایکروشن گولے نے شمالی پہاڑی علاقوں کی فضاؤں کو اچانک روشن کر دیا اور گرج دار آوازوں کے ساتھ نچلی پرواز کرتے ہوئے شمال مغربی حصے واخان کے پہاڑوں کی سمت گزر گیا۔ رات نو بجے دیامر گلگت اور غذر کے شہریوں نے آسمان پر ایک چمکدار اور تیزی سے حرکت کرتا ہوا روشنی کا گولہ دیکھا جو پلک جھپکتے ہی نظروں سے اوجھل ہوگیا۔ غذر کے ایک عینی شاہد نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بتایا کہ ’’میں نے آسمان میں روشنی چمکتے دیکھا اور دھماکوں کی آوازیں سنیں، مجھے ایسا لگا کہ کوئی چیز میرے چھت سے آ ٹکرائی ہے، میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ تیزی سے باہر نکلا اور دیکھا کہ دیگر لوگ بھی دھماکوں کی آوازیں سن کر گھروں سے باہر نکل آئے تھے، دھماکوں سے پوری وادی لرز اٹھی تھی۔‘‘ کمشنر گلگت ڈویژن سبطین احمد نے جنگ کو بتایا کہیہ شہاب ثاقب تھا جو گلگت بلتستان کے اوپر سے کم بلندی پر گزرا اور دور جاکر واخان کی برف پوش وادی میں کہیں گر گیا۔