• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
لندن ( مرتضیٰ علی شاہ ) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک برطانوی حکام اور بزنس کمیونٹی سے بات چیت کے لیے اپنی صوبائی حکومت کے وفد کی قیادت کریں گے۔ پی ٹی آئی یوکے چیپٹر نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 19جنوری کو ایڈنبرا پہنچیں گے اور 21 اور 22جنوری کو اسکاٹ لینڈ میں دو عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ نیز وہ اسکاٹ حکومت کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ محمد سرور ، جو ان دنوں اسکاٹ لینڈ میں موجود ہیں، پرویز خٹک کی آمد کے باعث اپنی پاکستان روانگی ملتوی کردیں گے اور اسکاٹ حکومت سے بات چیت میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاونت کریں گے۔ مزید براں نارتھ ویسٹ بشمول یارکشائر اور ہمبر سائیڈ میں پی ٹی آئی کی تنظیمیں 23جنوری کو ایک بزنس ڈنر کی میزبانی کریں گی جس میں پرویز خٹک اور ان کے وفد کے ارکان شریک ہوں گے۔ وہ 24جنوری کو برمنگھم میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے جس کا انتظام پارٹی کے ویسٹ مڈ لینڈز چیپٹر نے کیا ہے۔ واضح رہے کہ برمنگھم میں پختونوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کو برمنگھم کے کشمیریوں کی بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہے۔ پی ٹی آئی لندن کے صدر بیرسٹر وحید الرحمٰن نے بتایا ہے کہ پرویز خٹک کے لندن میں قیام کے دوران برطانوی حکام اور بزنس گروپوں کے ساتھ ان کی ملاقاتیں طے ہوچکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں خیبر پختونخوا میں تبدیلی آچکی ہے ، اور یہ تبدیلی نظر بھی آتی ہے۔ بیرسٹر وحیدالرحمٰن نے کہا کہ دورۂ برطانیہ خبیر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے لیے اوور سیز پاکستانیوں کو اپنے تین سالہ دور حکومت میں ہونے والی ترقی سے آگاہ کرنے کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ہونے والی اصلاحات کو سب مان رہے ہیں اور صوبائی حکومت کا پیغام واضح ہے کہ کرپشن کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
تازہ ترین