بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل نے کہا ہے کہ بچے ملک و قوم کا مستقبل ہیں، ان کی بہتر تعلیم و تربیت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب، بے سہارا اور یتیم بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم فراہم کی جائے اور اس سلسلہ میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو اپنا کردار ادا کرے۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ایک بریفنگ میں اظہار خیال کررہے تھے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نوشابہ ملک اور دیگر افسران موجود تھے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرہ میں بے سہارا اور بھیک مانگنے والے بچوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں داخل کرایا جائے، انہوں نے کہا کہ غریب بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں ٹیوٹا، وی ٹی آئی اور پنجاب سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے فنی تربیت دلائی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن کے زیر انتظام سکول کی رجسٹریشن کرائی جائے،ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نوشابہ ملک نے بریفنگ میں بتایا کہ ادارہ میں 45 بچے زیر کفالت ہیں جنہیں بہتر ماحول میں تعلیم و تربیت دی جارہی ہے ۔