• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : گستاخانہ خاکوں کیخلاف کل نکالی جانیوالی ریلی کیلئے کمیٹی تشکیل

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کی جانب سے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں 20مارچ کو گستاخانہ خاکوں کے خلاف نکالی جانیوالی ریلی کو کامیاب کرانے کیلئے ایس ڈی اے کی جانب سے مشرف محمود قادری کی قیادت میں تشکیل کردہ 6رکنی کمیٹی کے ارکان نے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ریلی میں شرکت کے دعوت نامے دیئے ۔کمیٹی میں ڈاکٹر سعید اعوان، شریف ڈاڈا، دوا خان، سلیم حبیب میمن، صداقت خان شامل تھے۔ ہفتے کے روز کمیٹی کے ارکان نے جامعہ انیس المدارس کے مفتی چمن زمان قادری، جامعہ اشرفیہ کے قاری جمیل احمد، مفتی محمد شفیع،مدرسہ منزل گاہ کے مفتی سعود افضل ہالیجوی، جماعت اسلامی کے مدرسے کے مفتی عبداللہ، مولانا عبدالکریم مہر، اہل تشیع کے مولانا علی بخش سجادی، ڈاکٹر فدا حسین، جامعہ فیض العلوم کے صاحبزادہ سید حامد محمود شاہ فیضی و دیگر سے ملاقاتیں کی اور انہیں ریلی میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے مشرف محمود قادری و دیگر کا کہنا تھاکہ آقائے دو جہاں رحمت اللعالمین ؐ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ناموس رسالت ؐ ایمان کا مسئلہ ہے اور تمام مکاتب فکر کے علماء آقائے دو جہاں ؐ سے عشق و محبت رکھتے ہیں اور ہر شخص کے دل میں حضرت محمد ؐکی محبت کا جذبہ بھرپور طریقے سے موجود ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام مسلم ممالک کے سربراہان ایک ہوکر ناموس رسالتؐ کے حوالے سے کام کریں اور اتحاد بین المسلمین کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علمائے کرام، سکھر کی عوام کو 20مارچ کو سوشل میڈیا پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف نکالی جانیوالی ریلی میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے ریلی میں اپنی شرکت کی یقین دہانی کرائی۔  
تازہ ترین