سرگودھا (نامہ نگار، نمائندہ جنگ ) جامع مسجد بلاک 1 سےشاہین چوک تک عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد اکرم طوفانی،مولانا نور محمد ہزاروی،مولانا عبدالرشید،قاری عبدالوحید،پروفیسر عاصم اشتیاق،مولانا امجد علی، بدر عالم و دیگر نےکہاکہ پاکستان اور اسلامیانِ پاکستان کی بقا تحفظ ناموس رسالت میں ہے۔ پاکستان میں قانون ناموس رسالت 295Cکے تحت گستاخ بلاگرز اور سوشل میڈیاپر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں دہشت گرد قرار دے کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ حکومت تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں کوئی ترمیم نہ کرے اور گستاخ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ جب تک گستاخانہ مواد ختم نہ کیا جائے عوام سوشل میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر پاکستان،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ فوری نوٹس لیں اور ملزمان کا پتہ چلا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔