لاہور (کرائم رپورٹر سے،جنگ نیوز) کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں مقیم میو ہسپتال چلڈرن وارڈ کے 2 ڈاکٹرز کو اغوا کرلیا گیا، لواحقین کی درخواست پر تھانہ گوالمنڈی پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز میو ہسپتال بچہ وارڈ میں ڈیوٹی سرانجام دے کر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے ہاسٹل آنے والے ڈاکٹر جاوید اور ڈاکٹر عدنان کو ہاسٹل سے اغوا کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکٹرز نے بدھ کو ہاسٹل میں حاضری لگائی لیکن اس کے بعد اچانک غائب ہو گئے۔ دونوں کی موٹر سائیکلیں بھی موجود نہیں ہیں جبکہ ان کے موبائل بھی بند ہیں۔ہاسٹل سے لاپتہ ہونے والے ڈاکٹر جاوید کا تعلق مظفر گڑھ اور ڈاکٹر عدنان رحیم یار خان کے رہائشی ہیں۔ڈاکٹرز کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر انتظامیہ نے اپنے طور پر تحقیق کی اور تین روز بعد ہفتے کے روز اہلخانہ کو گمشدگی کی اطلاع دی گئی۔ ڈاکٹرز کے لواحقین نے لاہور آکر تھانہ گوالمنڈی میں اغوا کے مقدمہ کی درخواست جمع کرائی جس پرپولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکٹروں کو خفیہ ہاتھوں نے غائب کیا ہے دراصل انھیں کچھ عرصہ سے سرکاری ادارے مانیٹر کر رہے تھے جس کے بعد انھیں مبینہ حراست میں لیا گیا،تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ان دونوں ڈاکٹروں کے لاپتہ ہونے کے کوئی شواہد نہیں ہیں پولیس تفتیش کر رہی ہے اور جلد انھیں بازیاب کروا لیا جائے گا۔