• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے تقسیم کشمیر کی راہ ہموار ہوگی

لوٹن (پ ر) گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ نہ بنایا جائے، اس سے تحریک آزادی کشمیر متاثر ہوگی، بلکہ تقسیم کشمیر کی راہ ہموار ہوگی۔ جسے کشمیری کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ گلگت بلتستان کے حوالے سے ہائی کورٹ آزاد کشمیر کا فیصلہ موجود ہے۔ اس طرح کی کسی بھی کوشش کو کشمیری خصوصی طور پر مسلم کانفرنس کے کارکنان بھرپور مزاحمت کریں گے۔ مسلم کانفرنسوں کے نزدیک رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس مرحوم اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی نظریاتی اثاث کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما ملک شبیر احمد آف پیٹربرا کی رہائش گاہ پر صدر مسلم کانفرنس پیٹربرا برانچ کے صدر سابق میئر پیٹربرا راجہ اختر حسین کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مقررین نے کیا۔ اجلاس میں سابق میئر لوٹن کونسلر ریاض بٹ، پروفیسر امتیاز چوہدری، راجہ محمد یعقوب خان، راجہ کبیر خان، چوہدری سلطان اور چوہدری عبدالحمید نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ اس سے پہلے پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں حکومت بناکر اپنا گورنر تعینات کرکے جس خرابی کی ابتدا کی گئی تھی اس کو مسلم لیگ کی قیادت مزید خرابی کی طرف لے جارہی ہے اور کشمیریوں کے بنیادی حق کو غضب اور موقف کو کمزور کررہی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اور اسے اس بات کا ادراک ہونا چاہیے اور کوئی ایسی متنازعہ بات نہیں کرنی چاہیے جس سے بھارت کو فائدہ ہو۔ ہم کشمیریوں کے تسلیم شدہ حق خودارادیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ لاکھوں کشمیریوں کی قربانیوں کے بعد کشمیری کسی ایسے فارمولے کو قبول نہیں کریں گے۔ اجلاس سے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے بھی تقسیم کشمیر کی راہ ہموار کرنے کی مذمت کی اور جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کشمیری قیادت سے کہا کہ وہ اس طرح کی کاوش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس سے قبل ان رہنمائوں نے تحریک انصاف کے پیٹربرا کے رہنما چوہدری عبدالمجید کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے بھائی چوہدری حنیف مرحوم کی تعزیت کی اور ان کے درجات میں بلندی کی دعا کی۔ اس موقع پر پیٹربرا کی معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تازہ ترین