لندن (پ ر)آزاد کشمیرکے سابق مشیرحکومت، تحریک انصاف آزادکشمیر، اوورسیز یورپ، امریکہ کے صدر چوہدری محمد شعبان نے کہاکہ اگر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوشش کی گئی تو پھر ن لیگ کی حکومت کے خلاف دمادم مست قلندر ہوگا، گلگت بلتستان کشمیر کا حصہ ہے اور رہے گا، جسے پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کی بے کار کوشش نہ کی جائے۔ چوہدری شعبان نے کہا کہ آزاد ریاست کا سردار مسعود خان کو صدر اس لئے بنایا گیا تھا تاکہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائے، اس اقدام سے مسئلہ کشمیر کو نقصان ہوگا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھی اثر پڑے گا،سابق میئر اور کونسلر تحریک انصاف آزاد کشمیر یوکے کے رہنما چوہدری اللہ دتہ نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت آخری ہچکولے لے رہی ہے، جلد اس کا خاتمہ ہوگا، کشمیریوں نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کی جنگ لڑی ہے جو آزادی تک جاری رہے گی۔