لورالائی(نمائندہ جنگ ،ایجنسیاں)وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہےکہ پاک فوج ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دشمن کے دانت کھٹے کیے ہیں،آج ملک اورقوم فوج کی وجہ سے محفوظ ہے، دشمن کی سازشیں سی پیک کے خلاف پنپ رہی ہیں، دشمن کے آلہ کار بلوچستان کے حالات خراب کر رہے ہیں ،فسادی بلوچستان کے نوجوانوں کو استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں، مذہب کے نام کا غلط استعمال اور دشمن سے پیسہ لیکر فساد پھیلانے والوں کو ختم کر کے دم لینگے، دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،پاکستان کا دشمن کتنا ہی ازلی،موذی اور بے ایمان کیوں نہ ہو،ہماری فورسزنے اسے نیست و نابود کردیا ہے ۔ہفتہ کوبلوچستان کے علاقے لورالائی میں ایف سی اہلکاروں کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتےہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان میں موجود کچھ لوگ ہمارے ازلی دشمن سے پیسہ لیکرعیش کرتے ہیں یہ لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن ہو ہمارے بچے تعلیم حاصل کریں اورخوشحالی آئے وہ ہمارے دشمنوں سے پیسہ لیکر بلوچستان کے حالات خراب کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ مذہب کا نام استعمال کر کے ملک میں افرا تفری چاہتے ہیں، ایف سی شر اور فساد کو اکھاڑ پھینکے،انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو فتح حاصل ہوچکی ، تاہم اب بھی کچھ بچے کھچے عناصر موجود ہیں جنکا قلع قمع کرنا ہے،وہ دن دور نہیں، جب دہشتگردی مکمل ختم کی جائیگی ،ترقی بلوچستان اور پاکستان کو آواز دے رہی ہےاور بلوچستان کی ترقی ساری دنیا دیکھے گی۔