• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ٹیکس اور بینیفٹس کے نئے قوانین کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا

اولڈہم( نمائندہ جنگ) برطانیہ میں پانچ اپریل کو ٹیکسیشن ائیر ختم ہو رہا ہے لیکن ایچ ایم ریونیو کی جانب سے متعارف کروائے گئے کچھ قوانین کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا جس سے کچھ لوگوں کو فائدہ مگرزیادہ خاندانوں کو نقصان ہوگا۔ ملازمت پیشہ افراد کے لیے کم از کم فی گھنٹہ ریٹ کو7.20 پونڈسے بڑھا کر 7.50پونڈکر دیا گیا ہے۔ پنشن میں دو فیصد اضافہ سے پنشنرز کو چار سے پانچ پونڈز فی ہفتہ زیادہ ملیں گے۔ انڈویجیول سیونگنز اکاؤنٹس کی ٹیکس فری رقم کو پندرہ ہزار پونڈز سے بڑھا کر بیس ہزار کر دیا گیا ہے پرسنل ٹیکس الاؤنس کی حد 11500 پونڈمقرر کی گئ ہے جبکہ چالیس فیصد اِنکم ٹیکس کی شرح کا اطلاق اب45000 پونڈسالانہ سے زائد کی آمدن پر ہوگا۔ بجلی اور گیس کے بلوں میں بچت کے لیے پری پیڈ کیپ متعارف کروائی گئی ہے جس سے سالانہ اسی پونڈز تک کی بچت ممکن ہوگی۔ جہاں کافی چیزوں میں اضافہ کیا گیا ہے وہیں نوجوانوں کے لئے ہاؤسنگ بینیفٹ ختم کر دیا گیا ہے جس سےسالانہ نو ہزا نوجوان بے گھر ہو سکتے ہیں۔ روزگار الاؤنس کو102پونڈ ہفتہ سے کم کر صرف 73پونڈہفتہ کر دیا گیا ہے۔ نئے والدین کے لیے ٹیکس کریڈٹ اور یونیورسل ٹیکس میں سے چائلڈ ایلیمنٹ ختم کر دیا گیا ہے۔ جس سے دس لاکھ کے قریب فیملیز متاثر ہوں گی۔ ٹیکس کریڈٹ کی نئی شق کے مطابق یہ بینیفٹ اب صرف دو بچوں کو ہی دیا جائے گا جس سے چالیس لاکھ کے قریب لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔ والدین کو اب چھوٹے بچے کی تیسری سالگرہ سے روزگار تلاش کرنا ہو گا حالانکہ فی الحال یہ کم از کم عمر پانچ برس ہے۔ واضح رہے کہ ان قوانین کا اطلاق یکم اپریل کے بعد پیدا ہونے والے بچوں اور اس تاریخ کے بعد نئے کلیم پر ہی ہوگا پہلے سے ٹیکس کریڈٹ اور دیگر بینیفٹس حاصل کرنے والے لوگ اس سے متاثر نہیں ہوں گے۔ برطانیہ میں موجود تمام کاونسلز نے کم از کم70پونڈ کاؤنسل ٹیکس بڑھا دیا ہے۔ ٹی وی لائسنس کی فیس بھی سالانہ بڑھا کر 147پونڈکر دی گئی ہے۔ پانی کے بلوں میں بھی دو فیصد اضافہ سے کم از کم بل 395پونڈسالانہ مقرر کیا گیا ہے۔ پرسکرپشن کی قیمت میں بھی 20p کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ مجموعی طور پر ٹیکس اور بینیفٹس کے ان نئے قوانین اور بڑھنے والے بلوں سے عام عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
تازہ ترین