• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان میں اساتذہ کی سرٹیفکیشن اور لائسنسنگ کیلئے اتھارٹی قائم کردی گئی

اسلام آباد( نامہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کو بتایا گیاہے کہ  گلگت بلتستان میں  اساتذہ کی سرٹیفکیشن اور لائسنسنگ اتھارٹی کاقیام عمل میں لایا گیا ہے  تاکہ تدریسی شعبے کے بنیادی تقاضوں کے حامل افراد ہی بطو ر استاد سرکاری یا نجی اسکولوں میں بچوں کو پڑھانے کے اہل ہوں ۔ چیئر مین کمیٹی ملک ابرار کی زیر صدارت  اجلاس میں گلگت بلتستان کے  حکام نے  بریفنگ میں بتایاکہ  تعلیمی شعبے میں اصلاحات تیزی سے جاری ہیں اس حوالے  سے خصوصی اقدامات جن میں  پرائیوٹ سکول، ریگولیٹری اتھارٹی ، ڈائریکٹوریٹ آف ٹیکنیکل اینڈ وکیشنل ایجوکیشن اور ٹیچرز سرٹیفکیشن اینڈ لائسنسنگ اتھارٹی کا قیام نمایاں ہے ۔ اساتذہ کی سرٹیفکیشن اینڈ لائسنگ اتھارٹی کے ذریعے اساتذہ کیلئے بھی لائسنس ہونالازمی ہوگا۔ حکام نے  کمیٹی کو بتایا ہے کہ جدیدعصری تقاضوں کی روشنی میں معیار تعلیم  کو بہتر کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری آزاد جموں اور کشمیر کی جانب سے بتایا گیا کہ  حکومت اساتذہ کی کم سے کم تعلیم کے میعار کے تعین کے حوالے سے کام کر رہی ہے جبکہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیوں کویقینی بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ اساتذہ کی  عبوری تعیناتیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ انہوں  نے کمیٹی کو بتایاکہ اگرچہ تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم حکومت اقدامات اٹھار ہی ہے تاکہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لائی جاسکے ۔  چیئر مین کمیٹی ملک ابرار نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان نے دونوں خطوں کے حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے چیلنجزز کے پیش نظر تعلیمی نظام کو بہترکیا جائے ۔اجلاس میں میجر (ر)طاہراقبال ، چوہدری عابد رضا، ناصر بوسال ، شمس النسا ، جنید اکبر اور وزارت کے سینئر حکام کے علاوہ آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے حکام نے شرکت کی۔   
تازہ ترین