• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایٹمی پروگرام بھٹو، میزائل پروگرام بینظیر کے دور میں شروع کیا، ڈاکٹر قدیر

اسلام آباد (آئی این پی )معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ایٹمی قوت کا سہرا ذوالفقار علی بھٹو اور میزائل پروگرام کا آغاز بینظیر بھٹو کے دور میں ہوا، میں ملک کے لیے بہت کچھ کر سکتا تھا لیکن حکمرانوں نے روک دیا۔ پیر کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو بہت بڑے محب وطن تھے،ایٹمی قوت کا سہرا ذوالفقار علی بھٹو کے سر جاتا ہے جنہوں نے مجھ جیسے نوجوان پر بھروسہ کیا۔ ہم نے ایٹم بم پر 1974 میں اور میزائل ٹیکنالوجی پر کام بینظیر بھٹو کے دور میں شروع کیا اور کم وسائل کے باوجود ملک کو ایٹمی اور میزائل قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق اور پھر سابق صدر غلام اسحاق خان کو تحریری طور پر بتایا کہ ہم ہفتے کے نوٹس پر ایٹمی بم کاتجربہ کر سکتے ہیں جب کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے تو حکمرانوں پر واضح کر دیا کہ برابر کا جواب دینا ضروری ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پرویز مشرف نے غیر ملکی ایماءپر مجھے ہٹایا، مجھ پر غلط الزامات لگائے گئے، میں نے حکمرانوں سے کبھی کوئی زمین یا پیسہ نہیں لیا۔
تازہ ترین