برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ ویسٹ برامچ مڈلینڈ کے ناظم محمد اکرم شیرازی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کشمیر کا آئنی حصہ ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق متنازع اور حل طلب ہے، پاکستان کے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے، اسےپاکستان کا صوبہ بنانے کی کوشش کی گئی تو اس سے بھارت کو فائدہ ہوگا اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اس منصوبے کے خلاف آواز بلند کرے۔ آزاد کشمیر کے سیاستدان جب اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو پھر انہیں گلگت اور بلتستان یاد آتا ہے کہ وہ کشمیر حصہ ہے ،پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس جب اقتدار میں تھیں تو اسلام آباد کی خوشنودی کے لیے خاموش تھیں اور مسلم لیگ ن بھی اسلام آباد کی حمایت کر رہی ہے، اپوزیشن تمام وعدوں کر بھول چکی ہے ۔ اکرم شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان سے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے علاوہ کسی کشمیری جماعت کو دلچسپی نہیں ہے، گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھی صرف جماعت اسلامی آزاد کشمیر حصہ لیتی ہے ، آزاد کشمیر کی تمام جماعتوں کو اس وقت مشترکہ موقف اختیار کرنا چاہئے اور اپنی ساری توجہ مقبوضہ کشمیر کے محاذ پر مرکوز رکھنی چاہئے۔