سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی عبوری ضمانت منظور کر لی ۔حفاظتی ضمانت 20،20لاکھ روپےکے مچلکوں کے عوض منظورہوئی۔
اس موقع پر میڈيا سے گفتگو میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے وفاقی حکومت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا، ان کاکہنا تھا کہ نواز شریف یا چودھری نثار کا انصاف نہیں مانا جائے گا ، اس حکومت نے جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا حال کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے ای سی ایل کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے، ن لیگ کو لڑنا ہے تو کھل کر سامنے آئے اداروں کے پیچھے چھپنا چھوڑ دے ، پیپلز پارٹی ڈيل پر لعنت بھیجتی ہے۔ ان کے ہر ظالمانہ اقدام کامنہ توڑ جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری اور ڈاکٹر عاصم کی ضمانت کو ڈیل قرار دینا افسوسناک ہے،ہمیں عدالتوں میں صفائی پیش کرنے کاحق حاصل ہے ۔ میں نے خود کوعدالت کے سامنے پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ نہ کوئی ڈیل ہوئی نہ کریں گے نہ رعایت و خیرات مانگیں گے۔میرے خلاف نیب ریفرنس 6 مہینے پہلے بنا۔90 کی دہائی کی سیاست چلے گی نہ طریقہ کار چلے گا۔