کراچی ( جنگ نیوز) بلوچستان فٹبال کپ میں مزید دو ٹیمیں کوئٹہ ڈی ایف اے اور چمن سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئی ہیں، سیمی فائنل مقابلے جمعہ کو کھیلے جائیں گے۔ تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں چمن نے اپنی مد مقابل ٹیم نوشکی کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست دی،فاتح ٹیم کے کھلاڑی محمد طاہر نے پہلے ہاف کے 22ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کیا، نوشکی ٹیم کے گول کیپر شیر زمان نے یوں تو کئی گول بچائے مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔چوتھے کوارٹر فائنل میچ میں کوئٹہ ڈی ایف اے نے خاران کو ایک گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں اپنی جگہ بنالی۔ میچ کا واحد گول یعقوب خان نے کیا۔