ٹھٹھہ (نامہ نگار) ٹھٹھہ اور مکلی سمیت ضلع کے دیگر شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے، ضلع کے شہروں اور دیہاتوں میں دن رات بلا امتیاز بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث برقی آلات جل گئے ہیں جبکہ بعض مرتبہ بجلی کئی کئی گھنٹے غائب رہتی ہے دریں اثنا حیسکو کی جانب سے بقایاجات کی عدم ادائیگی کے باعث گجو شہر اور گرد و نواح کے ایک سو سے زائد دیہات کو بجلی کی فراہمی گزشتہ سال سے منقطع ہے، اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کرتے ہیں تاہم اس کے باوجود چند نادہندگان کی بجلی کاٹنے کے بجائے ان کی بجلی کاٹی گئی ہے جس کے باعث وہ گذشتہ کئی ماہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ وہ سکون کا سانس لے سکیں۔