• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدر آباد، پولیس موبائلوں پر مسلح افراد کاحملہ‘ فائرنگ کر کے گرفتار افراد کو چھڑا لیا پتھراؤ سے 2 اہلکار معمولی زخمی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) موٹرسائیکل چھیننے کی واردات میں ملوث ملزمان کے لئے سائٹ ایریا جانے والی اے سیکشن اورسائٹ تھانوں کی پولیس موبائلوں پر مسلح افراد کاحملہ‘ فائرنگ کر کے گرفتار افراد کو چھڑا لیا ‘پتھراؤ سے 2پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے جبکہ پھلیلی پولیس نے رات گئے پو لیس مقابلے کے دوران سنگین جرائم میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق اے سیکشن تھانے کی حدود میں ہونے والی موٹرسائیکل چھیننے اوربعدازاں بھتہ طلب کرنے کی واردات کی تفتیش کے لئے اے سیکشن تھانے کی پولیس نفری نے سائٹ پولیس کے ہمراہ پاکو لافیکٹری کے قریب واقع پہنور گوٹھ میں چھاپہ مارکر ملزم ایاز پہنور ولد یعقوب پہنور اور اس کے 2 ساتھیوں کو گرفتارکیاتھا اسی دوران گوٹھ کے مکین نکل آئے اورپولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیاا ور ہوائی فائرنگ بھی کی حملہ آوروں نے موبائل میں بیٹھے گرفتارملزم ایاز پہنور اوراس 2 ساتھیوں کو پولیس کی مزاحمت کے باوجود چھڑالیا اورہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے‘ پتھراؤ اورمسلح افراد کے حملے کے دوران سائٹ تھانے کاکانسٹیبل محمدریاض اور اے سیکشن تھانے کا کانسٹیبل اسلام زخمی ہوگئے حملہ آوروں کی تعداد زیادہ ہونے پرپولیس اہلکا ر واپس لوٹ آئے۔ ایس ایچ او اے سیکشن ملک قمر نے ”جنگ“ کے رابطے پر بتایا کہ ملزم ایاز اوراس کے دیگر بھائی ڈکیتی رہزنی کی وارداتوں میں مطلوب ہیں گذشتہ دنوں چھینی گئی گاڑی کے مالک کو بلواکر کر گاڑی دینے کے نام پر انہوں نے رقم طلب کی تھی جس پر پولیس اس کی گرفتاری کے لئے گئی تھی کاروائی کے دوران ایاز کودوساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا تھا تاہم پہنور برادری کے لوگ انہیں چھڑاکر فرارہوگئے حملہ آوروں کی بڑی تعداد گھرچھوڑکر فرارہوگئی ہے مزید کاروائی کے لئے پولیس کی نفری طلب کی جارہی ہے ۔ حیدرآبادپولیس کے ترجمان نے کہاہے پولیس نے ملزمان ایاز پہنور‘ دادو پہنور ‘نوید پہنور کوگرفتار کیاتھاکہ اچانک گوٹھ عثمان پہنور کی عورتوں ‘20,30سے زائد مردوں نے پولیس پر حملہ کردیا اورگرفتار شدگان کو چھڑاکر لے گئے حملے کے دوران پولیس کی دونوں موبائلوں کوبھی نقصان پہنچاہے۔علاوہ ازیں پھلیلی پولیس نے گذشتہ شب اسلام آباد پھاٹک پر چیکنگ کے دوران 14سے زائد سنگین جرائم میں ملوث ملزم آفاق عرف افی ڈان سکنہ غریب آباد کو مقابلے کے بعد دوران زخمی حالت میں گرفتارکرکے اس کے قبضے سے غیرقانونی پستول برآمد کرلیاہے۔ ایس ایچ او رانا پرویز نے جنگ کو بتایا کہ گرفتارملزم غریب آباد کے علاقے میں بھتہ طلب کرنے ‘غنڈی گردہ کرنے ‘رہزنی ‘چور ی سمیت 14مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔
تازہ ترین