لاہور (نمائندہ جنگ)احتساب عدالت لاہورکے جج نجم الحسن نےگزشتہ روز غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں ریفرنس پر سماعت کی ۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ وکلا نے موقف اختیار کیا کہ راجہ پرویز اشرف اپنی اہلیہ کی بیماری کی وجہ سے ملک سے باہر ہیں اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ سابق وزیراعظم کو عدالت میں حاضری سے استثنی دیا جائے. احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اس کو مسترد کر دیا۔احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے 19 اپریل کیلئے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔راجہ پرویز اشرف کے وکیل افتخار شاہد نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا ۔