اسلام آباد (جنگ نیوز) وزیر اعلی گلگت و بلتستان حفیظ الرحمن، وزیر اطلاعات اور اعلی سرکاری افسران، پرنسپل انفارمیشن آفیسر حکومت پاکستان راؤ تحسین، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری علی رضا علوی، نائب صدر صغیر چوہدری، صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، سینئر جوائنٹ سیکرٹری عابد عباسی، کرائم رپورٹرز ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری زمان مغل مذاکرات میں شریک تھے۔ گلگت بلتستان کے دو ہفتوں سے بند اخبارات نے آج دوبارہ اشاعت شروع کر دی ہے جس وجہ سے سینکڑوں میڈیا ورکروں کے بیروزگار ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ اسلام آباد کے سینئر صحافیوں سید مہدی اور شبیر سہام کیخلاف درج مقدمات اور اور متنازع خبروں کی اشاعت کا مسئلہ حل کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلی گلگت و بلتستان حفیظ الرحمن اور پی آئی او راؤ تحسین کی تجویز پر کمیٹی کے سربراہ پی ایف یو جے کے صدر (افضل بٹ) جبکہ ممبران میں پی آئی او راؤ تحسین اور گلگت کا ایک حکومتی نمائندہ شامل ہو گا۔ یہ کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ وفاقی اور گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔