بہاولپور(سٹی رپورٹر) دعافاطمہ آٹھویں کلاس اورعبدالباطش پانچویں کلاس میں ضلع بہاولپور میں اول رہے۔ تفصیل کے مطابق پنجاب ایگزامینشن کمیشن نے گزشتہ سے پیوستہ روز صوبہ بھر میں آٹھویں اورپانچویں امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا تھا۔ گزشتہ روز محکمہ تعلیم بہاولپور نے جماعت ہشتم اور جماعت پنجم کے پوزیشن ہولڈرز کا ایک تقریب میں باقاعدہ اعلان کیا۔ پانچویں جماعت میں بہاولپورضلع میں کل 39634 طلباء رجسٹرڈ ہوئے جس میں 38761طلباء امتحان میں شریک ہوئے اور 33127پاس ہوئے اِس طرح پانچویں کلاس میں ضلع بہاولپورکا کامیابی کا تناسب 85.46فیصد جبکہ آٹھویں کلاس میں ضلع بہاولپور میں کل 30333 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 29638طلباء وطالبات امتحان میں شریک ہوئے اور 24738پاس ہوئے اِس طرح آٹھویں کلاس میں ضلع بہاولپور میں کامیابی کا تناسب 83.47فیصد رہا۔ اعلان کردہ نتائج کے مطابق پانچویں کلاس میں اوورآل پہلی پوزیشن سرسید بوائز ماڈل ہائی سکول حاصل پور کے طالب علم محمدعبدالباطش ولد محمدشبیر نے 485نمبرحاصل کرکے پہلی اُوچ شریف سے تعلق رکھنے والے پرائیویٹ طالب علم کمیل حسن ولد ناصر عباس نے 476 نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ سٹی ہانرسکول بہاولپور کے طالب علم حسن طارق ولد طارق اقبال نے 475نمبرحاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جماعت ہشتم میں اوورآل پہلی پوزیشن الپائنا سکول ہائرسیکنڈری سکول بہاولپور کی طالبہ دعا فاطمہ دختر محمدطیب اطہر نے 487نمبرحاصل کرکے پہلی،دانش سکول حاصل پور کے طالب علم محمددانش ولد محمداقبال نے 486نمبرحاصل کرکے دوسری جبکہ دانش سکول حاصل پور کے ہی طالب علم محمدسفیان ولد طالب حسین نے 484نمبرحاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔