لندن(ودود مشتاق) مسلم کانفرنس برطانیہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان قدرتی طور پر کشمیر کا حصہ ہے، اسے پاکستان کا صوبہ نہ بنایا جائے اگر ایسا ہوا تو نہ صرف آزادی کشمیر کی تحریک متاثر ہوگی بلکہ بھارت کو کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کے بارے میں مزید حوصلہ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام سلائو میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کے بارے میں پاکستان حکومت کے فیصلے پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر راجہ اسحاق نے کہا کہ گلگت بلتستان کشمیر کا قدرتی حصہ ہے اس کو پاکستان کا صوبہ بنانا کشمیریوں کے ساتھ زیادتی تصور ہو گا۔ مسلم کانفرنس کے رہنما امجد عباسی اور سردار ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم کانفرنس پُر زور مطالبہ کرتی ہے کہ اس قدم کو روکا جائے جو تحریک آزادی کشمیر کو کمزور بنانے کے مترادف ہے۔مسلم کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ارشد ملک ، چوہدری زیارت حسین،ملک آزاد چوہدری عظیم اور دیگر نے کہا کہ گلگت کو پاکستان کا صوبہ بنانے سے 70 سالہ آزادی کی تحریک شدید متاثر ہوگی۔